15 نومبر ، 2012
کراچی … چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کے حکومتی احکامات معطل کردیئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے وفاقی حکومتی کی جانب سے یکم محرم الحرام کو کراچی میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کے احکامات معطل کردیئے ہیں اور سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو کل صبح 11 بجے عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے سندھ بار ایسو سی ایشن کی درخواست پر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کا حکومتی فیصلہ معطل کیا۔ سندھ بار ایسو سی ایشن کی تقریب کے دوران وکلاء کی زبانی اور پھر تحریری درخواست پر جسٹس مشیر عالم نے احکامات معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کوئٹہ اور کراچی میں کل (یکم محرم الحرام کو) موٹر سائیکل کی سواری پر پابندی، موبائل فون سروس بند اور کاروباری مراکز شام پانچ بجے بند کرنے کا حکم دیا تھا۔