Time 02 جولائی ، 2022
پاکستان

اسلام آباد جلسےکیلئے اسکرین لگانے سے روکنے پر پی ٹی آئی رہنما پولیس سے الجھ پڑے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور  پولیس کے درمیان  سی ویو  پر اسلام آباد کے جلسے کے لیے اسکرین لگانے  پر تکرار  ہوگئی، پولیس کا کہنا  تھا کہ اسکرین لگانے کے لیے ضلعی انتظامیہ یا کنٹونمنٹ بورڈ سے اجازت نہیں لی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سی ویو  پر پی ٹی آئی کے جلسے کی لائیو کوریج کے لیے اسکرین لگانےکے لیے پہنچے تاہم پولیس نے اسکرین لگانے سے روک دیا۔

 سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سی ویو پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں اور پولیس کے درمیان تکرار ہوئی۔

 پولیس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ یا کنٹونمنٹ بورڈ سے اسکرین لگانے کے لیے اجازت نہیں لی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ تمام متعلقہ حکام کو  پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے۔ 

پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ پولیس نے سی ویو پر ساؤنڈ سسٹم لانے والی گاڑی کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے ڈرائیور پر تشدد بھی کیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد پولیس نے اسکرین لگانےکی اجازت دے دی۔

مزید خبریں :