پاکستان
15 جنوری ، 2012

خان پور :چہلم کے جلوس میں دھماکا،17افراد جاں بحق

خان پور :چہلم کے جلوس میں دھماکا،17افراد جاں بحق

رحیم یار خان …رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے جلوس میں دھماکے سے 17 افرادجاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے سٹی تھانے کا گھیراوٴ کیا جس پر پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔رحیم یار خان کی تحصیل خان پور کی امام بارگاہ دربارِ حسین میں مجلس کے بعد جلوس نکلا گیا تو کچھ ہی دیر بعد زوردار دھماکاہوگیا،ہرطرف افراتفری مچ گئی اور دھواں پھیل گیا۔ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور عابد قادر ی کا دعویٰ ہے کہ دھماکا جلوس کا علم ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرانے کے بعد ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل ظفر خان کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور بم دھماکے کو خارج از مکان نہیں کہا جاسکتا۔خان پور کے ایس ڈی او میپکو مدثر حسین نے ٹرانسفارمر پھٹنے کی اطلاع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جلوس میں علم اتنے بڑے نہیں تھے کہ تاروں سے ٹکراجاتے۔ واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال خان پور پہنچائی گئیں۔ اسپتال کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کے جسموں پر چھروں کے نشانات ہیں۔ دھماکے کے بعد عزا دار اسپتال کے باہر جمع ہوگئے اور سینہ کوبی کی۔ مشتعل مظاہرین نے سٹی تھانے کا بھی گھیراوٴ کرلیا سخت احتجاج کیا۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

مزید خبریں :