10 جولائی ، 2022
کراچی: مون سون کی حالیہ ہونے والی بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 11 فٹ کا اضافہ ہو گیا ہے۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق حالیہ ہونے والی تیز بارشوں کے بعد ڈیم میں سطح آب 333.4 فٹ ہو گئی ہے جب کہ اس سے قبل ڈیم میں پانی کی سطح 322 فٹ تھی۔
واٹر بورد حکام نے مزید بتایا کہ حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے جبکہ ڈیم بھرنے میں تقریباً 5.6 فٹ گنجائش باقی رہ گئی ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ شہر کے لیے اچھی خبر ہے، حب ڈیم سے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پانی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حب ڈیم سے شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے،حب ڈیم بھرنے کے بعد شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی کے حساب سے تین سال تک فراہمی جاری رہے گی۔
یاد رہے گزشتہ سالوں میں بھی بارشوں کے باعث حب ڈیم بھر گیا تھا جس کے بعد حب ڈیم کے اسپل ویز کھول دیےگئے تھے۔