Time 18 جولائی ، 2022
پاکستان

بشریٰ بی بی آڈیو لیک کیس: بظاہر پٹیشنر کو حق دعویٰ حاصل نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل دینے کی ہدایت کی— فوٹو: فائل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل دینے کی ہدایت کی— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالدکی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے دائر کی گئی درخواست پر آج ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل دینے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ پٹیشنرکو حقِ دعوٰی حاصل نہیں۔

عدالت نے کہا کہ پٹیشنر نے حق دعوٰی اور درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل کیلئے مزید مہلت طلب کی لہٰذا پٹیشنر کے وکیل کو قانونی نکتے  پر مزید دلائل کیلئے مہلت دی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ درخواست گزار نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ آڈیو لیک کی فارنزک تحقیقات کرے، بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کو بھی عدالت میں بلا کر آڈیو سے متعلق پوچھا جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو درست ثابت ہونے کی صورت میں بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کو مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے اور انہیں غدار ثابت کرنے کی مہم چلانے کی ہدایات دے رہی تھیں۔

مزید خبریں :