خاتون نے 2 سال بعد کوما سے باہر آکر خود پر حملہ کرنیوالے بھائی کی شناخت کرلی

فوٹو: برطانوی پولیس
فوٹو: برطانوی پولیس

امریکا میں ایک خاتون نے 2 سال بعد کوما سے باہر آکر خود پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت کرلی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 سال قبل امریکی ریاست مغربی ورجینیا میں ایک جان لیوا حملے میں کوما میں جانے والی خاتون کا حملہ آور مبینہ طور پر اس کا بھائی نکلا۔

اطلاعات کے مطابق 51 سالہ وانڈا پالمر نامی خاتون نے اپنے بھائی پر جون 2020 میں مغربی ورجینیا کے قریب واقع اپنی رہائش گاہ پر اس پر حملہ کرنے کا الزام لگایا۔ 

پولیس حکام نے کہا کہ 2020 میں  پالمر پر ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم شخص کی جانب سے حملہ کیا گیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو خاتون کو مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار سے شدید زخمی حالت میں صوفے پر لیٹے ہوئے دیکھا گیا اور بعد ازاں خیال کیا گیا کہ پالمر کی موت ہوگئی لیکن اسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ان کی سانسیں چل رہی تھیں لیکن وہ کوما میں چلی گئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پالمر کے پڑوسی نے واقعہ پیش آنے سے ایک رات قبل خاتون کے بھائی ڈینیئل کو ان کے گھر میں دیکھا تھا لیکن ثبوت کے طور پر  فون کال کا کوئی ریکارڈ یا ویڈیو نہیں ملی  تھی جس سے کیس آگے نہیں بڑھایا جاسکا اور اس وجہ سے ملزم کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی ۔

پولیس کے مطابق کچھ روز قبل پالمر کے ڈاکٹروں کی جانب سے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ وہ کوما سے باہر آگئیں ہیں اور بول سکتی ہیں۔

جمعے کے روز 55 سالہ ملزم ڈینیئل  کو گرفتار کیا گیا ،اس پر قتل کی کوشش اور اپنی بہن کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔—فوٹو: برطانوی پولیس
جمعے کے روز 55 سالہ ملزم ڈینیئل  کو گرفتار کیا گیا ،اس پر قتل کی کوشش اور اپنی بہن کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔—فوٹو: برطانوی پولیس

بعد ازاں پولیس نے خاتون کا بیان ریکارڈ کیا جس کےبعد جمعے کے روز 55 سالہ ملزم ڈینیئل کو گرفتار کیا گیا ،اس پر قتل کی کوشش اور اپنی بہن کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈینیئل نے حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ حملے سے کئی دن قبل اپنی بہن کے گھر نہیں گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جب خاتون سے پوچھا گیا کہ ڈینیئل نے ان پر حملہ کیوں کیا؟  تو پالمر  نے کوئی واضح وجہ نہیں بتائی البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت بدتمیز تھا اور میرے تعلقات اس سے کوئی زیادہ اچھے نہیں تھے۔

مزید خبریں :