وزیراعظم کی سعودی وفدکا دورہ کامیاب بنانے پر وفاقی وزرا کو مبارکباد

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سن کر دل باغ باغ ہوگیا— فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سن کر دل باغ باغ ہوگیا— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی وفدکا دورہ کامیاب بنانے پر وفاقی وزرا کو مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد معاشی تعلقات کےحوالے سے اہم پیشرفت ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دورہ کامیاب بنانے کے حوالے سے وفاقی وزرا، افسران اور اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سن کر دل باغ باغ ہوگیا، وفد پاکستان سے خوش اور مطمئن ہوکرگیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ قدم قدم پر وزرا جس طرح گائیڈ کر رہے تھے انہوں نے ایسا تجربہ پہلے نہیں دیکھا، واپس جاکر رپورٹ کریں گے کہ پاکستان میں نیا دور  دیکھا ہے۔ 

کابینہ اجلاس میں گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا اور ملکی معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

کابینہ نے پاکستان اورکولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پردستخط کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کو وزارت وفاقی تعلیم وفنی تربیت کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائےچینی سرمایہ کاری منصوبہ جات کی 30اپریل 2024 کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔