21 جولائی ، 2022
کراچی:سولجر بازار میں نمائش چورنگی کے قریب 10 مسلح ملزمان نے چائے کے ہوٹل پر دھاوا بول کر 15 منٹ تک سکون سے لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی میں ملزمان کو ہوٹل پر بیٹھے درجنوں افراد سے چندہ وصول کرنے کے انداز میں لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ رضوان قریشی نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں بتایا گیاہےکہ واردات رات ساڑھے 12 سے ایک بجے کے درمیان ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی سے پہلے پیٹرول پمپ والی گلی میں ’کیفے سین آن‘ چائے کے ہوٹل پر رات ساڑھے 12 بجے موٹر سائیکلوں پر سوار 10 مسلح ملزمان آئے جنہوں نے اسلحہ نکال کر ہوٹل پر چائے پینے میں مصروف گاہکوں کو گھیر لیا اور سکون سے لوٹ مار کی۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان وہاں موجود شہریوں سے کم از کم 35 موبائل فون اور ہزاروں روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔