24 جولائی ، 2022
سندھ سیف سٹی اتھارٹی (ایس ایس سی ای) کے ڈائریکٹر جنرل ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے لندن پولیس کے میٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ کیا اور وہاں پر جرائم اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔
ترجمان ڈی جی سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق میٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے حکام نے ڈاکٹر مقصود احمد کوسینٹر کے مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا کہ میٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول لندن پولیس سروس کا سب سے بڑا آپریشنل کمانڈ یونٹ ہے۔ یہ پولیس اور عوام اور دیگر فورسز کے درمیان رابطے اور کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں پولیس کو جائے وقوع تک پہنچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر مقصود احمد نے میٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول حکام کے ہمراہ سینٹر کےمختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈی جی ایس ایس سی ای نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اپنے پولیسنگ سسٹم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی خواہشمند ہے، اس سینٹر کا دورہ اور اہم افسران سے ملاقاتیں اس مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سندھ حکومت نے حال ہی میں سندھ سیف سٹی منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کراچی شہر میں 12 ہزار جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
میٹ حکام نے ڈاکٹر مقصود احمد کی پولیس نظام میں جدت میں گہری دلچسپی دیکھ کر خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔