Time 25 جولائی ، 2022
پاکستان

فل کورٹ پر اعتراض نہیں لیکن بلیک میلنگ سے نہیں بننے دینگے: فواد چوہدری

مریم نواز کو جیل میں جانا چاہیے، ایک مجرمہ نے پریس کانفرنس کی سربراہی کی اور سپریم کورٹ پر حملہ کیا: سابق وزیر/ فائل فوٹو
مریم نواز کو جیل میں جانا چاہیے، ایک مجرمہ نے پریس کانفرنس کی سربراہی کی اور سپریم کورٹ پر حملہ کیا: سابق وزیر/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو فل کورٹ پر اعتراض نہیں لیکن بلیک میلنگ سے فل کورٹ نہیں بننے دیں گے البتہ چیف جسٹس خود فل کورٹ بنانا چاہیں تو بنالیں۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے گفتگو کے دوران  سپریم  کورٹ سے حکمران اتحاد کے رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ عوام کو مبارکباد دیتاہوں  کہ 11 چہروں سے ملک کی جان چھوٹ رہی ہے، 11 لوگوں نے اقتدار میں اب کبھی نہیں آنا، رولنگ کے بارے میں تو ان 11  لوگوں نے بات ہی نہیں کی، طاقتورلوگوں کی غلطیاں ہیں جنہوں نےاس طرح کےلوگ پاکستان پرلاکربٹھا دیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پنجاب سے تعلق کیا ہے؟  ان کی حیثیت کیاہے،  انہوں نے یکجا ہو کر بھی عمران خان سے شکست کھائی ہے، انہیں جوتےکھا کر گھر جانے کی عادت ہے۔

’ڈپٹی اسپیکر ایک بےشرم آدمی ہے ، ملک سے فرار ہوگیا‘

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کس حیثیت سے وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھے ہوئےہیں؟ ہم چاہتے تھے کہ رات کو ہی سنوائی عدالت میں ہونی چاہیے، ڈپٹی اسپیکر نے اپنے بالوں سے خط نکالا اور رولنگ دی، ڈپٹی اسپیکر ایک بےشرم آدمی ہے اور ملک سے فرار ہوگیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حکومت نے سوشل میڈیا کے 16 ، 16 سال کے بچوں کو گھروں سے اٹھوایا، شرم اور غیرت ہوتی تو معافی مانگ کر آج استعفیٰ دے دیتے، سپریم کورٹ کو بلیک میل کرنا شروع ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ سے مطالبہ ہےکہ پریس کانفرنس کرنے والوں کو ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

مریم نواز عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کررہی ہیں:سابق وزیر

دوران پریس کانفرنس فواد چوہدری نے ایک بار پھر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو جیل میں جانا چاہیے، ایک مجرمہ نے پریس کانفرنس کی سربراہی کی اور سپریم کورٹ پر حملہ کیا، مریم نواز عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کر رہی ہیں، جنہوں نے پریس کانفرنس کی ان کی حیثیت کیا ہے، جن کی اپنے حلقوں میں حیثیت نہیں انہیں اکٹھا کیاہوا ہے،  مریم نواز کے والد اربوں روپوں  کی کرپشن میں ملوث ہیں، نواز شریف لندن کے تمام ریسٹورینٹ کی سیر کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلی مہم یہ فوج کے چند افسران کے خلاف لا رہے ہیں، حکومت نے صحافیوں پر تشدد کروایا، باچا خان کی پاکستان کے لیے کوئی خدمات نہیں ، وہ کانگریس کے لیڈر تھے، باچاخان نے دفن بھی پاکستان میں ہونا پسند نہیں کیا۔

‘حکومت کی جانب سے پریس کانفرنس اپنا سامان باندھنے کا اعلان تھا‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھیوں کے ساتھ 14 سال سے جو سلوک کررہی ہے وہ سب کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت کے پیسے اسلام آباد میں لگائے ہیں، حکومت کی جانب سے پریس کانفرنس اپنا سامان باندھنے کا اعلان تھا، سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔

 فواد چوہدری کے مطابق  پی ٹی آئی کو فل کورٹ پر اعتراض نہیں لیکن بلیک میلنگ سے فل کورٹ نہیں بننے دیں گے البتہ چیف جسٹس خود فل کورٹ بنانا چاہیں تو بنالیں۔

مزید خبریں :