26 جولائی ، 2022
کراچی کے علاقے سول لائن میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب مرکزی شاہراہ کی سیوریج لائن بیٹھ جانے سے سڑک پر بڑا گڑھا پڑ گیا ہے اور ایک ٹریک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
کراچی کے ریڈ زون میں واقع فائیو اسٹار ہوٹلز کے قریب پی آئی ڈی سی چوک سے کلفٹن کی طرف جانے والے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب سیوریج لائن دھنس گئی ہے جس سے روڈ پر بڑا اور گہرا گڑھا پڑ گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے اس مقام پر بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
اس علاقے میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔ ضیاء الدین احمد روڈ کچھ عرصے بعد مختلف مقامات پر سیوریج لائن ناکارہ ہونے سے بیٹھ جاتی ہے جہاں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ مرمت کرکے نئے پائپ کے جوڑ لگا دیتا ہے جس کے بعد دوسرے مقام پر یہ صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔