27 جولائی ، 2022
سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں شدید بارشوں اور مختلف مقامات پر چھوٹے ڈیمز اوور فلو ہونے سے پانی کے بڑے ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں جس سے حب ڈیم میں سطح آب میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق منگل کی شام حب ڈیم کے مکمل بھرنے کے نشان سے پانی چار فٹ اوپر تھا۔
ذرائع کے مطابق رات 12 بجے حب ڈیم کا لیول 343 فٹ کی سطح سے تجاوز کرگیا تھا۔
واضح رہے کہ حب ڈیم مکمل بھرنے کے بعد سطح آب 339 ہوگئی تھی اور ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا تھا۔
ڈیم میں پانی کی سطح کے غیرمعمولی اضافے سے اسپل ویز سے پانی کا بھاری اخراج ہورہا ہے۔ اس صورتحال سے گزشتہ 36 گھنٹے سے حب ندی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
منگل کو رات گئے تک مقامی انتظامیہ نے حب ڈیم کے زیریں آبادیوں زہری گوٹھ، مولوی عبدالقادر گوٹھ، حب ڈیم کالونی اور دیگر گوٹھوں سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
حب ڈیم کے مختلف مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور پولیس، لیویز اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔