پاکستان

حب کینال کی مرمت کا کام مکمل، حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی شروع

منگھوپیر کے علاقے میں 24 جولائی کو حب کینال میں شگاف پڑ گیا تھا جس سے کئی غیر آباد علاقے زیرآب آ گئے تھے— فوٹو: فائل
منگھوپیر کے علاقے میں 24 جولائی کو حب کینال میں شگاف پڑ گیا تھا جس سے کئی غیر آباد علاقے زیرآب آ گئے تھے— فوٹو: فائل

کراچی کو حب ڈیم سے پانی سپلائی کرنے والی حب کینال کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد کراچی کو  پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق منگھوپیر کے علاقے میں 24 جولائی کو حب کینال میں شگاف پڑ گیا تھا جس سے کئی غیر آباد علاقے زیرآب آ گئے تھے اور کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

واٹر بورڈ حکام نے حب کینال سے کراچی کو پانی کی سپلائی بند کی تو شگاف بھرنے اور کینال کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع ہوا جس میں لگ بھگ آٹھ دن لگے۔

واپڈا حکام کے مطابق واٹر بورڈ کی کلیئرنس کے بعد پیر کی دوپہر حب ڈیم سے کراچی کی کینال میں 20 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی شروع کی گئی جو مرحلہ وار  بڑھائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق پیر کی رات تک کراچی کو پانی کی سپلائی بتدریج 80 ایم جی ڈی تک پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو حب کینال کے راستے تقریباً 100 ملین گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :