12 اگست ، 2022
لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی۔
عطا تارڑ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں تحریک انصاف کے ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے جلسے کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ اسٹیڈیم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے لیے نہیں ہے جب کہ جلسہ روکنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا مگر کوئی داد رسی نہیں ہوئی۔
عطا تارڑ نے درخواست کے حتمی فیصلے تک جلسے کا اجازت نامہ معطل کرنے کی استدعا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے 13 اگست کے جلسے کے لیے ہاکی اسٹیڈیم لاہور سے کروڑوں روپے کی ٹرف بلیڈ سے اکھاڑی گئی تھی۔
وزیر کھیل پنجاب تیمور مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹرف 10،12 سال سے لگی ہوئی تھی، ٹرف کو سرگودھا منتقل کرنا تھا۔
دوسری جانب ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ جب نئی ٹرف آجاتی تب پرانی اکھاڑنی چاہیے تھی۔