22 اگست ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی۔
پمز کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہبازگل مکمل طور پر ہشاش بشاش اور ہوش میں ہیں اور بالکل نارمل ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ بورڈ نے شہباز گل کا مکمل جسمانی طبی معائنہ کرنا چاہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، شہباز گل نے صرف سینےکا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے تسلیم کیا کہ ان کی صحت نیبولائز کرنے سے بہتر ہوئی، شہباز گل کے تمام خون کے نمونے نارمل ہیں، بورڈ نے چھاتی کے ایکسرے اور چند ٹیسٹ کرانے چاہے لیکن شہباز گل نے انکار کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ مریض کو معمولی نوعیت کی سینےکی تکلیف ہے جس کی کوئی علامات نہیں ہیں، شہباز گل ڈسچارج ہونے کے لیے مکمل فٹ ہیں۔
میڈیکل رپورٹ شہبازگل کا معائنہ کرنے والے 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے تیار کی ہے۔