05 ستمبر ، 2022
لاہور: مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ کا کہنا ہےکہ اس وقت غذائی اجناس سے بھری 25 ہزار مال بردارگاڑیاں 5 دن سے سڑکیں بند ہونے سے پھنسی ہوئی ہیں۔
ایک بیان میں تنویر احمد جٹ کا کہنا تھا کہ 25 ہزار مال بردار گاڑیوں میں کھانے پینےکی چیزیں بھری ہیں، مال بردارگاڑیاں پھنسنے سے غذائی اجناس کی قلت ہو رہی ہے اور قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
تنویر احمد جٹ کا کہنا تھا کہ سکرنڈ، نوشہروفیروز، کنڈیارو، بھریا اور خیرپور میں مال بردار گاڑیوں کو لوٹا بھی گیا ہے، ڈرائیورزپر تشدد اور فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ، پٹرولنگ پولیس اور موٹروے پولیس تحفظ دینے میں ناکام ہے، ان حالات میں کاروبار بنداور گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل ہےکہ ڈرائیورز اور گاڑیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔