05 ستمبر ، 2022
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا۔
پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میچ کے انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں پاکستانی بیٹر آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر بھارتی بولر ارش دیپ سنگھ تنقید کی زد میں آگئے ۔
ہوا کچھ یوں کہ میچ کے اٹھارویں اوور میں پاکستان کو 16 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے اور کریز پر آصف علی اور خوشدل شاہ موجود تھے۔
پاکستانی اننگز کے 18 ویں اوور کی تیسری گیند پر آصف علی نے شاٹ ماری جس پر گیند ہوا میں گئی، بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ ، کیچ کی آوازیں لگائی گئیں لیکن فیلڈر ارش دیپ سنگھ نے آصف علی کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔
بعد ازاں آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور بھارت سے کامیابی چھین لی۔
پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ شائقین نے ارش دیپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تو وہیں پاکستانی شائقین نے بھارتی فیلڈر کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی ٹرولرز نے پاکستان سے شکست کی وجہ ارش دیپ کے ڈراپ کیچ کو قرار دیا اور انہیں خالصتانی بھی کہا۔