29 جنوری ، 2025
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بولرز کی فہرست میں پاکستانی اسپنر نعمان علی پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں، ساجد خان کی رینکنگ میں بھی دو درجہ ترقی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی اسپنر نعمان علی چار درجے بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آف اسپنرساجد خان کی بھی رینکنگ میں دو درجہ بہتری ہوئی ہے اور وہ 21 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی دلانے والے جو میل وریکن 16 درجے بہتری کے ساتھ 25 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرزکی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمراہ کا پہلا نمبر ہے جب کہ ٹیسٹ بیٹر میں جو روٹ کی بدستور پہلی پوزیشن ہے۔ اسٹیو اسمتھ ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں اور رشبھ پنت نویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے بابر اعظم اور سعود شکیل کی رینکنگ مزید گرگئی ہے، سعود شکیل ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں پوزیشن پر چلےگئے ہیں، بابر اعظم تین درجہ تنزلی کے بعد 19 ویں پوزیشن پر چلےگئے ہیں۔ محمد رضوان کی دو درجہ بہتری ہوئی ہے اور وہ 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ سلمان علی آغا پانچ درجہ تنزلی کے بعد 32 ویں نمبر پر چلےگئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رو یندرا جدیجہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ بھارت کے تلک ورما ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے محمد رضوان ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین دوسرے نمبر پر چلےگئے ہیں۔ بھارت کے ورن چکروتی لمبی چھلانگ کے بعد 25 درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جوفرا آرچر 13 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ اکشر پٹیل 5 درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔