06 ستمبر ، 2022
لاہور میں بینائی سے محروم افراد ملازمت مستقل کرانے اور کوٹے میں اضافے کا مطالبہ لے ایک بارپھر سڑکوں پر آگئے۔
گزشتہ روز بینائی سے محروم افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ کے قریب دھرنا دیا،حکومت نے دو روز میں مطالبات تسلیم کر نے کی یقین دہانی کرائی لیکن نابینا افراد نے دو دن تک انتظار اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلا ن کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیلی ویجر بلائنڈ ایمپلائز یونین کے اراکین نے اپنے مطالبات کے حق میں ظہور الٰہی روڈ پراحتجاج اور دھرنا دیا،بینائی سے محروم افراد وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب بڑھنے لگتے تو پولیس حصار بنا کر انہیں روک دیتی، اس دوران دھکم پیل میں متعدد مظاہرین گر کر بے سدھ ہوگئے۔
پولیس نے کچھ مظاہرین کو حراست میں بھی لیا جنہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
صدر ڈیلی ویجر بلائنڈ ایمپلائز یونین عمر رشید کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن سونیا صدف اور ایس پی ماڈل ٹاؤن حسن جاوید بھٹی نے مظاہرین سے مذاکرات کیےاور انہیں دو روز میں مطالبات تسلیم کرانے کی یقین دہانی کرائی لیکن مظاہر ین نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق نابینا افراد رات گئے گرین بلیٹ پر منتقل ہوگئے جس کے بعد ظہور الٰہی روڈ کی ایک سائیڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔