پاکستان
15 جنوری ، 2012

شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری: موٹر وے صوابی انٹر چینج تک بند

شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری: موٹر وے صوابی انٹر چینج تک بند

اسلام آباد …محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔جبکہ ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان ،کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔علاوہ ازیں گلیات سمیت کئی شہروں میں تو برفباری سے زندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات سمیت شمالی علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ہے۔پیش گوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد،راولپنڈی،گوجرانوالہ،لاہور،مالا کنڈمیں بارش کا امکان ہے اور بعض علاقو ں میں برفباری ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر،گلگت بلتستان، وادی نیلم، وادی سوات،، اور گلیات میں دو دو فٹ جبکہ مری میں سوا فٹ برف رکارڈ کی گئی، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی گوجرانوالہ لاہور سرگودھا فیصل آباد ڈویژن کے علاوہ خیبرپختونخوا کے علاقے ملاکنڈ ہزارہ ،،گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پارہ چنار میں منفی گیارہ رکارڈ کیا گیا۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی 10،گوپس میں منفی 7 اور کالام میں منفی 6 رکارڈ کیا گیا۔ادھر لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،کبھی ہلکی اور کبھی موسلا دھار بارش شروع ہو جاتی ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آج را ت جاری رہے گااور پیر کی دوپہر کے بعد موسم صاف ہو جائے گا،محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک 11ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی ہے،بارش کا سلسلہ بننے والی مغربی ہوائیں کمزور پڑ رہی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش دال بندین میں 35ملی میٹر ہوئی،اسلام آباد میں 31،سیالکوٹ میں 30سیدو شریف اور کوٹلی میں27، 27،جہلم اور دیر میں 25،25اور مری اور لوئر دیر میں 23،23ملی میٹر بارش پڑی۔ادھر پشاور اسلام آباد موٹر وے صوابی انٹر چینج تک بند ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :