پاکستان

آتشزدگی کے بعدنائن زیرو قابل رہائش ہے یا نہیں؟ ایس بی سی اےکو معائنےکی ہدایت

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی: ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق مرکز نائن زیرو  میں آگ لگنے کی تحقیقات کے سلسلے میں حکام کو معائنے کی ہدایت کردی۔

ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے نے ہدایت کی ہےکہ معائنہ کیا جائے کہ آگ لگنے کے بعد گھر رہائش کے قابل ہے یا نہیں۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہےکہ آگ کے بعد گھر کی عمارت خطرناک ہوچکی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کا کہنا ہے کہ  ایس بی سی اےکاکام معائنہ کرکے فیصلہ کرنا ہے، ایس بی سی اے بلڈنگ کو ناکارہ قرار دےگا تو اسےگرا دیا جائےگا۔

ایس بی سی اے حکام کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کے آبائی گھر اور سابق مرکز نائن زیرو میں آگ لگنے کا واقعہ 9 ستمبرکوپیش آیا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سینٹرل معروف عثمان کے مطابق پولیس کی جانب سے آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات کی رپورٹ فائنل نہیں ہو سکی، آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ شعبہ کام کر رہا ہے اور پولیس کو انہیں اداروں کی رپورٹ پر انحصار کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کسی شرپسندی یا تخریب کاری کی اطلاع نہیں ملی، متحدہ قومی موومنٹ کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو کو 6 سال قبل اگست 2016  میں بند کر دیا گیا تھا۔

متحدہ ذرائع کے مطابق اس پراپرٹی کی بجلی اور گیس کی سپلائی کافی عرصے سے منقطع ہو چکی ہے اور اس آتشزدگی کے حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے شکوک و شبہات بھی سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں :