Time 17 ستمبر ، 2022
پاکستان

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا

کے پی میں جلسوں کے دوران سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے
کے پی میں جلسوں کے دوران سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے

خیبرپختونخوا (کے پی) میں وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا میں این اے24 چارسدہ میں پی ٹی آئی جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسوں کیلئے سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق باربار تنبیہ کے باوجود وزیراعلیٰ کے پی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ  استعمال کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو بھی این اے 24 چارسدہ میں بطور امیدوار نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی، وزیرقانون فضل شکور، مشیرمعدنیات محمدعارف کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ 

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر چارسدہ کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں کو یکساں ماحول میسر نہیں آ رہا، ایسے رکاوٹیں ڈالی گئیں توکیوں نہ امیدوار کو نا اہل کرنےکی سفارش کردی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کیوں نہ وزیراعلٰی کے پی پر  ہی ضمنی انتخاب کے دوران ہیلی کاپٹر کے استعمال پر پابندی لگادی جائے۔

ڈی ایم او کی جانب سے تمام افراد کو   20ستمبر کو طلب کر تے ہوئے ذاتی طور  پر  یا وکیل کے ذریعے جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کے پی میں جلسوں کے دوران سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کمیشن کا اہم اجلاس 19 ستمبر 2 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں بلا لیا گیا ہے، اجلاس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی پر غور کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس میں چیف سیکرٹری کے پی کو بھی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ طلب کر لیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :