پاکستان
Time 23 ستمبر ، 2022

داخلہ ٹیسٹ 13 یا 20 نومبر کو لیا جائے گا: صدر پاکستان میڈیکل کمیشن

ملک بھر میں بیک وقت داخلہ ٹیسٹ یونیفارم پالیسی کے تحت منعقد کیا جائے گا، ہر صوبے میں ایک سرکاری یونیورسٹی کو ٹیسٹ لینے کی اجازت دی گئی ہے: ڈاکٹر نوشاد— فوٹو: فائل
ملک بھر میں بیک وقت داخلہ ٹیسٹ یونیفارم پالیسی کے تحت منعقد کیا جائے گا، ہر صوبے میں ایک سرکاری یونیورسٹی کو ٹیسٹ لینے کی اجازت دی گئی ہے: ڈاکٹر نوشاد— فوٹو: فائل

صدر  پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی ) ڈاکٹر نوشاد شیخ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نجی و سرکاری میڈیکل جامعات و کالجز کا داخلہ ٹیسٹ 13 یا 20 نومبر کو یونیفارم پالیسی کے تحت لیا جائے گا۔

جیو  نیوز سے خصوصی گفتگو میں صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر نوشاد شیخ نے بتایا کہ ملک بھر میں نجی و سرکاری میڈیکل جامعات و کالجز کے داخلے نومبر کے وسط میں کرانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے ، داخلہ ٹیسٹ 13 یا 20 نومبر کو لیا جائے گا، حتمی تاریخ جلد طے کرلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بیک وقت داخلہ ٹیسٹ یونیفارم پالیسی کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ ہر صوبے میں ایک سرکاری یونیورسٹی کو ٹیسٹ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

ڈاکٹر نوشاد شیخ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ ٹیسٹ دینے کے  اہل ہوں گے جبکہ اس سے قبل 65 فیصد نمبرز حاصل کرنے والا طالب علم داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا اہل تھا تاہم رواں اجلاس میں اس قانون کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میں میڈیکل کیلئے 55 فیصد اور ڈینٹل کیلئے 45 فیصد نمبر حاصل کرنے والا طالب علم میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے اہل ہوگا۔

صدر  پی ایم سی کے مطابق ملک بھر میں 20 ہزار سیٹوں کیلئے  ڈھائی لاکھ بچے بحیثیت امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ بیرونِ ملک پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے داخلہ ٹیسٹ دینے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، اس سلسلے میں دو تجاویز سامنے ہیں یا تو امیدوار پاکستان آئے یا پھر ملک بھر میں 4 سینٹرز بنائیں جائیں جہاں آن لائن ٹیسٹ منعقد ہوگا۔

مزید خبریں :