28 ستمبر ، 2022
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری تنگ آگئے، پولیس کے دعوؤں کے باوجود شہر میں وارداتوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز منظر عام پر آنے لگی۔
شہریوں کے لٹنے کی متعدد سی سی ٹی وی ویڈیوز منظر پر آچکی ہیں مگر پولیس "ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے" کے دعوؤں سے آگے نہیں بڑھ پائی۔
کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والی ایک واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو لٹیرے، راہ چلتی خاتون کے نزدیک پہنچتے ہیں، ایک ملزم طلائی زیورات چھیننے کیلئے خاتون سے چھینا چھپٹی کرتا ہے، مزاحمت پر خاتون کو دھکا بھی دیا جاتا ہے اور ملزم خاتون کو لوٹ کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔
کراچی ہی کے ڈیفنس کے علاقے میں گاڑی چوری کی واردات کی دوسری ویڈیومیں صاف دکھائی دیتا ہے کہ ملزم اطمینان سے اطراف کا جائزہ لیتے ہوئے گلی میں آتا ہے، کار چراکر آسانی سے فرار ہو جاتا ہے، پولیس نے مقدمے کا اندراج کر لیا لیکن معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو پائی۔
ادھر نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں مارے گئے دو افراد پر بھی یہی الزام ہے کہ وہ شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے، ہلاک ڈاکوؤں میں سے عبدالرحمان عرف غیبان خان دو سال قبل ڈکیتی کے دو مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔