پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2022

دہشت گردی کوکسی صورت دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائےگا: آرمی چیف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکورکمانڈر کانفرنس میں ہدایت کی ہےکہ تمام فارمیشنز  چوکس رہیں، دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملکی اور بیرونی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق  فورم نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا، آرمی چیف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے بھی پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

 آرمی چیف نے آرمی فارمیشنز کو سیلاب زدگان کی جلد از جلد بحالی کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج متاثرہ علاقوں میں زندگی معمول پر لانےکے لیے مدد اور تعمیر نو کی سرگرمیاں جاری رکھے۔ 

 آئی ایس پی آرکا کہنا ہےکہ اجلاس میں سرحدوں پر سکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام تر کوششیں بروئےکار لائیں، دہشت گردوں کو کسی صورت دوبارہ سر نہیں اٹھانے دیا جائےگا۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پاک فوج کی تمام فارمیشن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔

مزید خبریں :