28 نومبر ، 2012
کراچی…شکیل یامین کانگا… سندھ گیمز کیلئے کراچی ٹینس ایسو سی ایشن نے اپنی مرد اور خواتین ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ دو روزہ ٹرائلز کے بعد منتخب کھلاڑی حیدرآباد میں 2 سے 4 دسمبر2012 ء تک منعقد ہونے والے 16 ویں سندھ گیمز میں حصہ لیں گے۔ کراچی کی مرد ٹینس ٹیم میں خالد علی نظر، طلحہ زبیر، ملک حمزہ، شیخ ولید اور رابن داس شامل ہیں۔ نومی قمر منیجر جبکہ خواتین ٹیم میں ہانیہ نوید، نیہا خان، عائشہ میر اور وانیہ ملک شامل ہیں۔ سرور حسین منیجر ہوں گے۔دریں اثناء پاک اسپورٹس فٹبال کلب نوابشاہ کے زیر اہتمام اور سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کی اجازت سے آل سندھ قاضی عبدالرشید انوی ٹیشن فٹبال ٹورنامنٹ جمعہ 30نومبر سے میونسپل ہائی اسکول گراؤنڈ نوابشاہ پر کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ میں عرفان میموریل فٹبال کلب کراچی اور افغان کلب روہڑی مدمقابل ہونگی۔ مہمان خصوصی قاضی شاہ رخ بھٹی ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے چیف پیٹرن حاجی آزاد پیٹی والا، پیٹرن قاضی شاہ رخ بھٹی، آرگنائزر ڈاکٹر رضوان ، میڈیا کوارڈی نیٹر فیض بلوچ جبکہ آرگنائزنگ سیکریٹری انجینئر عامر جمیل ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں کراچی، خیرپور، میرپور خاص، جیکب آباد، سکھر، کنہری،روہٹری، ٹھٹھہ،ٹنڈو الہ یار، شہزاد کوٹ، حیدرآباداورنوابشاہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 12اور13دسمبر جبکہ فائنل 14دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ آرگنائزنگ سیکریٹری انجینئر عامر جمیل نے سیکرٹری ڈی ایف اے نواب شاہ یعقوب بلوچ اور سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ کی جانب سے ٹورنامنٹ میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی سرپرستی میں ٹورنامنٹ کا نہ صرف کامیاب انعقاد یقینی ہوگا بلکہ سندھ کے کامیاب ٹورنامنٹ میں اس کا شماربھی کیا جائے گا۔