29 نومبر ، 2012
پرتھ…سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا۔ پرتھ میں پریس کانفرنس کے دوران سابق آسٹریلوی کپتان نے بتایا کہ پرتھ ٹیسٹ ان کا آخری ٹیسٹ ہوگا تاہم وہ رواں موسم گرما میں ڈومسیٹک مقابلوں میں تسمانیہ کی جانب سے کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ان کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی۔ رکی پونٹنگ کا ٹیسٹ کیریئر 17 سال پر محیط ہے۔ 38 سالہ آسٹریلوی کرکٹر جنوبی افریقا کے خلاف برسبین اور ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی تین اننگز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں اور جمعہ سے شروع ہونے والا پرتھ ٹیسٹ ان کے کیریئر کا فیصلہ کن ٹیسٹ ہوگا۔ پونٹنگ نے1995 میں سری لنکا کے خلاف پرتھ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، جمعہ سے پرتھ میں شروع ہونے والا ٹیسٹ رکی پونٹنگ کا 168واں ٹیسٹ ہوگا، اس طرح وہ آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے کا اسٹیو وا کا ریکارڈ برابر کردیں گے۔ رکی پونٹنگ نے اب تک 167 ٹیسٹ میچوں کی 285 اننگز میں 13,366 رنز بنائے ہیں جس میں 41 سنچریاں بھی شامل ہیں۔