08 اکتوبر ، 2022
سندھ پولیس کے اسپیشل سکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کی جانب سے دادو میں سیلاب متاثرین کے لیے دو روزہ مشترکہ فری میڈیکل کیمپ منعقدکیا گیا جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز نے 50,000 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا اور مفت لیب ٹیسٹنگ سہولیات کی فراہم سمیت ادویات تقسیم کی گئیں۔
میڈیکل کیمپ میں دادو کے مضافاتی اور دور دراز علاقوں سے بھی لوگ آئے اور مستفید ہوئے۔
دو روزہ میڈیکل کیمپ کے دوران سکیورٹی ڈویژن نےکیمپ کو مکمل لاجسٹک سپورٹ فراہم کی اور سکیورٹی کی ذمہ داری نبھائی جب کہ فلاحی تنظیم جے ڈی سی کی جانب سے کیمپ کے لیے ادویات فراہم کی گئیں۔
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر کیمپ کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، مزید برآں عیسٰی لیب نے کیمپ کے لیے مفت لیب ٹیسٹنگ فراہم کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے پر جنرل سیکرٹری جے ڈی سی ظفرعباس، سی ای او عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر ڈاکٹر فرحان عیسٰی، ایم ایس دادو اسپتال ڈاکٹر عبدالکریم میرانی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ڈاکٹر نرگس انجم اور سینئر ڈاکٹر شفی ساند کو کیمپ کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ان کی خدمات لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہیں۔