09 اکتوبر ، 2022
کراچی میں روسی قونصل جنرل اینڈری وی فیڈورو نے کہا ہے کہ ان کا ملک گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے لیکن پاکستان کو تین بڑے مسائل حل کرنے ہوں گے۔
کراچی میں پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے زیر اہتمام روس یوکرین تنازع پر سیمینار سے خطاب میں روسی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں اور مل کر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے ہم تیار ہیں لیکن تین بڑے مسائل حکومت کو حل کرنے ہوں، گیس کی فراہمی، ٹریڈ یونین اور زمینوں کے مسائل حل کرنے ہوں گے، تبھی بات آگے بڑھے گی۔
روس یوکرین تنازع پر ان کا کہناتھا کہ روس 8 سال تک کوشش کرتا رہا یوکرین کا مسئلہ بات چیت سے حل ہو لیکن عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل نہ ہو سکا، نیٹو کو ہمارے بارڈر تک لاکر بٹھا دیا گیا اور ایسے حالات پیدا کیے گئے جو روس کی سلامتی کیلئے خطرہ تھا جبکہ روس یوکرین جنگ میں پاکستان کا کردار نیوٹرل تھا۔
اینڈری وی فیڈورو نے کہا کہ ہر سال 50 پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں، کلچر کے شعبے میں کام کر رہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج آئیں گے۔