10 اکتوبر ، 2022
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اب تک ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری کی ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مختلف ٹیموں کے بلے بازوں اور بولرز کی کارکردگی نمایاں رہی اور اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل آئی سی سی نے ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری کی۔
ورلڈکپ 2007
یہ ٹی ٹوئنٹی کا پہلا ورلڈکپ تھا جو جنوبی افریقا میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فتح حاصل کی۔
2007 کے ورلڈکپ میں تمام ٹیموں کے بولرز کے سامنے پاکستان کے عمر گل نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں۔
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں اور اس ورلڈکپ میں ان کی بہترین کارکردگی نیوزی لینڈ کے خلاف 15 رنز کے عوض تین وکٹیں تھیں۔
ورلڈکپ 2009
2007 کے بعد 2009 کے ورلڈکپ میں بھی عمر گل نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور اپنی شاندار بولنگ سے ایک بار پھر لیڈنگ وکٹ ٹیکر بنے۔
عمر گل نے اس ورلڈکپ میں بھی 13 وکٹیں لیں جب کہ ان کے قریب سری لنکا کے مینڈس، ملنگا اور پاکستان کے سعید اجمل رہے جنہوں نے ایونٹ میں 12،12 وکٹیں لیں۔
عمر گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کیرئیر بیسٹ 6 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں۔
پاکستان نے 2009 میں سری لنکا کو شکست دیکر کپ اپنے نام کیا جب کہ فائنل میں عمر گل صرف ایک وکٹ لے سکے۔
ورلڈکپ 2010
اس ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز آسٹریلیا کے ڈرک نینیس کے نام رہا جنہوں نے ایونٹ میں 14 وکٹیں اپنے نام کیں۔
ورلڈکپ 2012
2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں سری لنکا کے اجنتا مینڈس نے لیں جن کی وکٹس کا نمبر 15 رہا۔
اس ورلڈکپ کا فائنل سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں مینڈس نے 12 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جس میں انہوں نے کرس گیل، براوو، پولارڈ اور رسل کو پویلین بھیجا تاہم فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو شکست دے کر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا۔
ورلڈکپ 2014
اس سال کے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز مشترکہ طور پر دو بولرز کے حصے میں آیا جن میں جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور نیدرلینڈز کے احسن ملک تھے جنہوں نے ایونٹ میں 12،12 وکٹیں اپنے نام کیں۔
احسن ملک نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عمران طاہر نے نیدرلینڈز کے خلاف 4 وکٹیں لیں۔
ورلڈکپ 2016
2016 کے ورلڈکپ میں افغانستان کے محمد نبی متاثر کن بولر رہے جنہوں نے ایونٹ میں 12 وکٹیں لیں جب کہ ان کے ساتھی راشد خان 11 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ورلڈکپ 2021
2021 کے ورلڈکپ میں سری لنکا کے ونندو ہسارانگا 16 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے۔
انہوں نے آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی جس میں انہوں نے وکٹوں کی ہیٹ ٹرک بھی کی۔