10 اکتوبر ، 2022
سندھ پولیس میں انسداد دہشت گردی کا خصوصی شعبہ سائبر دہشت گردی کا شکار ہوا ہے جس کی ای میل آئی ڈی ہیک کرکے حساس ڈیٹا منگوائے جانے کی بڑی سائبر وارداتیں ہوئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ماہ کا ہے تاہم اب صورت حال معمول پر ہے، ہیکرز نے سی ٹی ڈی کا غیرسرکاری ای میل اکاؤنٹ کے ذریعے کئی موبائل کال ڈیٹا ریکارڈ بھی منگوائے اور ای میل اکاؤنٹ میں موجود سیکڑوں ای میلز کے ڈیٹا تک بھی رسائی لی۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کی انکوائری جاری ہے، ہیک ای میل اکاؤنٹ سے اہم ڈیٹا تک رسائی روک دی گئی ہے، کال ڈیٹا اور سی آر او سمیت اہم ڈیٹا سینیئر افسران کے حکم سے مشروط کردیا گیا ہے، ای میل ہیک ہونے کی تحقیقات میں حساس اداروں سے بھی معاونت لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ای میل آئی ڈی ہیک کرنے اور کئی روز تک استعمال کرنے میں ملوث آئی پی ایڈریس پاکستان کی نہیں، یہ کارروائی یورپی ملک سے کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دورانیے میں سی ٹی ڈی کے تمام سسٹم بند رکھے گئے تھے، ہیک کی گئی گوگل اکاؤنٹ کی ای میل آئی ڈی فوری بند کر دی گئی تھی، ابتدائی طور پر ادارے کے اندرونی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
اب سی ٹی ڈی کے آئی ٹی سسٹم کو اب انتہائی طور پر محفوظ بنا دیا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سی ٹی ڈی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے لاعلمی ظاہر کی ہے۔