15 اکتوبر ، 2022
پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم گوجرانوالہ جائنٹس کے بولنگ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پہلے کی طرح ہی بولنگ کریں گے ان کی اپروچ پروفیشنل ہے۔
اعزاز چیمہ نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ شاہین آفریدی نے ری ہیب کے دوران بولنگ کی، اب بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہیں دو وارم اپ میچز بھی ملیں گے، شاہین آفریدی کو گھٹنے کی انجری کے بعد مسئلہ نہیں ہو گا وہ پہلے کی طرح بولنگ کریں گے اور پاکستان کے نمبر ون بولر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیس اٹیک رفتار کے لحاظ سے بھی سب سے بہترین ہے، نسیم شاہ ایک اچھا اضافہ ہیں، نیوزی لینڈ میں جیت سے مورال بلند ہو گا، اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف بھی ٹف سیریز کھیلی۔
اعزاز چیمہ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاری اچھی ہے ، محمد نواز اور شاداب خان کی وجہ سے بیٹنگ بھی بہتر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جونیئر لیگ میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اب کوچنگ کیرئیر ہے سارا فوکس اس پر ہے، پی جے ایل میں معیاری کرکٹ ہو رہی ہے ، نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔
خیال رہے کہ اعزاز چیمہ پاکستان کی طرف سات ٹیسٹ ،14 ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔