17 اکتوبر ، 2022
کراچی کے آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے پولیس اہلکاروں کے کروڑوں روپے چوری ہونے کی ویڈیو جیوز نے حاصل کر لی۔
آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مال خانے کی الماری کا ٹوٹاہوا لاک دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تھانے کے منشی شہباز، اہلکار راحیل اور سید عزیز نے چوری کی واردات کی، واردات کا ماسٹر مائنڈ اہلکار راحیل تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مال خانے کے تالے چابی سے کھولے گئے، مال خانےکے اندر الماری کا لاک توڑ کر پیسوں سے بھرا بیگ نکالاگیا، واردات سے پہلے تھانے کے سی سی ٹی وی کیمرے بند کیے گئے، ویڈیو میں ملزمان کو بیگ تھانے سے باہر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والے 2 کروڑ 7 لاکھ 75 ہزار میں سے تفتیشی ٹیم 1 کروڑ 90 لاکھ برآمد کر سکی جبکہ چوری شدہ رقم میں سے 17 لاکھ 75 ہزار کہاں گئے اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن زاہدہ پروین لاعلم ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کی غفلت سے 4 ماہ سے رقم کورٹ کے مال خانے میں جمع نہیں کرائی گئی، آج ڈھائی بجے ڈی آئی جی ساؤتھ پولیس کارکردگی پر پریس کانفرنس کریں گے۔
خیال رہے کہ دو فروری کو داؤد پوتہ روڈ پر سنار سے ڈکیتی میں ساڑھے تین کروڑ لوٹے گئے تھے، پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے رقم برآمد کی تھی جو چار ماہ سے آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے میں رکھی ہوئی تھی، دو روز پہلے مال خانے سے رقم غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔