Time 17 اکتوبر ، 2022
پاکستان

ملتان والوں نے سیاسی خانہ بدوش سے حساب برابر کر دیا: آصف زرداری

جنوبی پنجاب صوبہ بن کر رہےگا یہ میرا وعدہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے: سابق صدر/فوٹوفائل
جنوبی پنجاب صوبہ بن کر رہےگا یہ میرا وعدہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے: سابق صدر/فوٹوفائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے ملتان میں پی ٹی آئی کو شکست دینے پر وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں علی موسیٰ گیلانی اور حکیم بلوچ کو ضمنی الیکشن جیتنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تیر کا نشان فتح کا نشان، شاباش جیالو شاباش۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا ملتان والوں نے سیاسی خانہ بدوش سے حساب برابر کر دیا ہے، ملتان اور ملیر کے عوام کا شکریہ، جیالے قابل فخر ہیں، ملتان اور ملیر میں جیت جیالوں کے نام ہے ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا جنوبی پنجاب صوبہ بن کر رہےگا یہ میرا وعدہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے، قومی اسمبلی میں دو جیالوں کا اضافہ باعث اطمینان ہے، عوام کے قدموں میں سیاسی جنت ہے قائد عوام کا فرمان ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ملتان اور کراچی کی دو نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں۔

مزید خبریں :