17 اکتوبر ، 2022
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ملتان کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کی وجہ موروثی سیاست ہو سکتی ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ملتان میں پی ٹی آئی کی شکست کو تسلیم کرتے ہیں، پارٹی امیدوار کے انتخاب اور انتخابی مہم میں مسئلہ ہو سکتا ہے، ملتان کے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجہ موروثی سیاست ہو سکتی ہے۔
ترجمان کے پی حکومت نے کہا کہ ایمل ولی خان عمران خان سے شکست کے بعد سیاست اور پارٹی کی صوبائی قیادت سے استعفیٰ دے اور غلام احمد بلور الزام تراشی کی بجائے الیکشن کمیشن میں درخواست دیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہوتا ہے لیکن ضمنی الیکشن میں عمران خان کے بیانیے کی جیت ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ملتان اور کراچی کی دو نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں۔