دنیا
Time 29 اکتوبر ، 2022

امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ

امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر ہتھوڑے سے حملہ

امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے شوہر پر حملہ کیا گیا ہے، میڈیا کے مطابق  حملہ آور نے آج صبح پال پلوسی پر اُن کی رہائش گاہ میں گھس کر ہتھوڑے سے حملہ کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 82 سالہ پال پلوسی کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے اور حملہ کی وجہ جاننے کیلئے پولیس تفتیش جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال پلوسی کے سر میں فریکچر کی سرجری کی گئی ہے اور ان کے بائیں بازو میں بھی گہرے زخم آئے ہیں، اسپیکر نینسی پلوسی کی اپنے شوہر سے آپریشن سے قبل بات کروائی گئی تھی۔

اسپیکر نینسی پلوسی کے ترجمان کے مطابق اسپیکر نینسی پلوسی واشنگٹن سے سان فرانسسکو کیلئے روانہ ہو چکی ہیں، ہمیں امید ہے کہ پال بہت جلد ریکور کر جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت  پال پلوسی نے پولیس کو کال کر دی تھی اور فون کاٹے بغیر رکھ دیا تھا تا کہ سامنے والا گھر میں گھسنے والے حملہ آور کے ساتھ ان کی گفتگو سن سکے۔

سان فرانسسکو پولیس کا کہنا ہے کہ جب پولیس نینسی پلوسی کے گھر پہنچی تو حملہ آور ہتھوڑے سے حملہ کر رہا تھا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اسے روک کر گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال حملے کے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن شبہ ہے کہ حملہ آور اسپیکر نینسی پلوسی پر حملے کی غرض سے گھر میں داخل ہوا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔

پولیس کے  مطابق حملہ آور نے گھر میں گھسنے کے بعد کم از کم بھی دو بار چلا کر پوچھا کہ نینسی کہاں ہے، جس کے بعد اس نے کہا کہ جب تک وہ واپس نہیں آتی میں انتظار کروں گا۔

پولیس کا خیال ہے کہ یہ سیاسی تشدد کا واقعہ ہو سکتا ہے لیکن واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔

واقعے کے بعد امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے اسپیکر نینسی پلوسی کو کال کرکے پال پلوسی کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شدت پسندانہ عمل ہے اب ہمارے سیاستدانوں کو اپنے بیانات اور الفاظ کے چناؤ سے پہلے سوچنا چاہیے کہ اس کا نتیجہ کیا نکل سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نفرت انگیزی اور شدتپسندی کی مذمت کرنی چاہیے۔

نینسی پلوسی امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم رکن اور ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر ہیں، پال پلوسی سے اُن کی شادی 1963 میں ہوئی تھی اور دونوں کے 5 بچے ہیں۔

مزید خبریں :