29 اکتوبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت الیکشن کا اعلان کر دے تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں، ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں اور دوسری طرف ایک غیر سنجیدہ کمیٹی کی تشکیل کی خبریں صرف آزادی مارچ کو انگیج کرنے کے لیے ہیں، یہ چالاکیاں نہیں چلنی انتخاب کی تاریخ دیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے، آپ اعلان کریں کہ الیکشن مارچ یا اپریل میں ہوں گے تو بات ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا رانا ثنااللہ اور پرویز رشید کے بیانات سن کر دکھ ہوتا ہے، دونوں کے ساتھ کیا ہوا تھا، آج یہ لوگ لوگوں کو برہنہ کر کے تشدد کروا رہے ہیں کم از کم ان کو تو اس زیادتی پر واضح ہونا چاہیے تھا، میں نے اس وقت بھی اس عمل کی مذمت کی تھی آج بھی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف کھڑا ہوں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز عمران خان کی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے آزادی مارچ کا آغاز کیا تھا، عمران خان کا کہنا ہے ہمارا واحد مطالبہ ملک میں فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔