30 اکتوبر ، 2022
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو ناکام مارچ قرار دیدیا۔
اپنے ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد دوسرے شہروں نے بھی عمران خان کا لانگ مارچ مسترد کر دیا، عمران خان کا لانگ مارچ شارٹ مارچ بن کر رہ گیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ کئی کئی گھنٹے تاخیر کے بعد چند میل بھی لانگ مارچ نہ چل سکا، لوگ ساتھ نہ ہوں تو ایسے ہی ناکامی ہوتی ہے، لانگ مارچ کے دوران آپس میں کھینچا تانی ان کی مایوسی ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ لانگ ڈرائیو سے لوگوں کے واپس جانے پر فتنہ پھر بھاگ گیا، عمران خان بندوقوں سے انقلاب لانے اور لاشیں گرانے کا گھناؤنا منصوبہ بنائے ہوئے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے بچائیں۔