04 نومبر ، 2022
سڈنی: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے جنوبی افریقا کے خلاف جیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری نظریں اب گلے میچ پر ہیں۔
گزشتہ روز سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقا کو 33 رنز سے شکست دی تھی، پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 28 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف جیت کے بعد ٹیم کا مورال کافی بلند ہے کیونکہ یہ جیت ہمارے لیے بہت ضروری تھی، اب نظریں اگلے میچ پر ہیں۔
محمد نواز کا کہنا تھا جنوبی افریقا کے خلاف ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد کوشش کی کہ پارٹنرشپ لگائیں، پروٹیز کے خلاف شاداب خان نے شاندار پرفارمنس دی۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا مینجمنٹ نے پوری ٹیم کا مورال بلند رکھا ہوا ہے اور ہم اپنے اگلے میچ پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔
سیمی فائنل تک رسائی کے حوالے سے محمد نواز نے کہا کہ امید ہے اگر کوئی نتیجہ ہمارے حق میں ہو جائے تو ہم آگے جا سکتے ہیں۔