07 نومبر ، 2022
بھارتی معروف کرکٹر ویرات کولی کا ’سینڈ اسکیچ‘ بنانے والے نوجوانوں نے ریت پر پاکستانی کرکٹر شاہنواز دھانی کی تصویر بنا کر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گڈانی سے تعلق رکھنے والے ’سینڈ آرٹسٹ‘ سمیر شوکت نے جیو ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس بار شاہ نواز دھانی کا پورٹریٹ بنایا تاکہ ان کا شکریہ ادا کرسکیں کیوں کہ انہوں نے ان کے آرٹ کو ویرات کوہلی تک پہنچایا۔
نوجوانوں نے جیو ڈیجیٹل ٹیم کے سامنے ریت پر بڑی محنت سے دھانی کا اسکیچ بناکر بھی دکھایا۔
نوجوان آرٹسٹ نے خواہش کا اظہار کیا کہ شاہنواز دھانی راشدی آرٹسٹ ٹیم سے مل سکیں تو ضرور ملیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دیگر کرکٹرز اور سیلیبریٹیز ان سے اسکیچ بنوائیں تاکہ انہیں اس شعبے میں شہرت مل سکے۔
سمیر شوکت بچپن سے ہی گڈانی میں رہائش پذیر ہیں۔ انہیں سینڈ آرٹ کا شوق اپنے بھائی کو دیکھ کر ہوا۔ ان کے بھائی بھی سینڈ آرٹ کیا کرتے تھے ۔ سمیر نے اپنے بھائی سے یہ ہنر سیکھا۔ انکی ٹیم 2014 سے گڈانی کے ساحل پر یہ ہنر سیکھ ری ہے۔
نوجوان آرٹسٹس کی یہ ٹیم گزشتہ ایک سال سے سینڈ آرٹ کر رہی ہے اوریہ ان کے روزگار کا بھی ذریعہ ہے۔
2020 سے 2022 کے درمیان انہوں نے متعدد مشہور شخصیات کے اسکیچ بنائے ہیں، جن میں عبدالستار ایدھی، عاطف اسلم، رونالڈو ، ویرات کولی، میسی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پورٹریٹس شامل ہیں۔
ان کی ٹیم میں 6 ارکان ہیں جن میں ایڈمن زبیع الشوکت، سمیر شوکت، کبیر احمد ، وقار نور، وحید حنیف اور سمیر خورشید شامل ہیں۔