10 نومبر ، 2022
کراچی کے علاقے بہادر آباد میں کم عمر ملازم کو مبینہ طور پر بدترین تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کی جانب سے بہادر آباد میں مبینہ تشدد سے ہلاک لڑکے کے معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
لڑکےکو اسپتال لانے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ لاش کو ایک خاتون اپنی کار میں رکھ کر اسپتال لائی، خاتون نے ایک اور ملازم کی مدد سے لاش اسپتال میں منتقل کی۔
تاہم پولیس سرجن جناح اسپتال ڈاکٹر سمیہ سیدکا کہنا ہےکہ جناح اسپتال میں 12سے 14سالہ لڑکےکی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیےلایا گیا، لڑکےکی لاش کو بہادر آباد تھانےکے اہلکار لائے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی کار فرحت جاوید نامی شخص کے نام رجسٹرڈ ہے،کم عمر لڑکا گھریلو ملازم ہے جسے بدترین تشدد کرکے قتل کیا گیا، لڑکے کی ٹانگوں اور چہرے پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
آٹوپسی میں لڑکے کے ساتھ بدفعلی کے شواہد بھی ملے ہیں، ابتدائی تحقیقات میں موت دم گھٹنے سے ہوئی لیکن حتمی وجہ تفصیلی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوسکےگی، لڑکے کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے بھی حاصل کیےگئے ہیں۔