11 نومبر ، 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے پارٹی رہنما اعظم خان سواتی سے اظہار یکجہتی کے لیے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دے دیا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس سے سپریم کورٹ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے کی۔
پی ٹی آئی سینیٹرز نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی کہ ’اعظم سواتی کو انصاف دو‘، ’اعظم سواتی کی ہتک عزت نامنظور‘، ’انسانی حقوق کی پامالی نامنظور‘۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ اعظم سواتی اور ارشد شریف کے معاملے کا نوٹس لیا جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے تمام سینیٹرز بھی شریک ہوں گے۔