14 نومبر ، 2022
دنیا بھر میں مشہور امریکا کی ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے خاتون میوزک اسٹار فلاحی کارکن ڈولی پارٹون کو 100 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے اپنی پارٹنر لورین سینشز کے ہمراہ ڈولی پارٹون کے لیے 100 ملین ڈالر کا اعلان کیا۔
لورین سینشز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ڈولی پارٹون ایک ایسی خاتون ہیں جو دل سے کام کرتی ہیں اور ان کے ہر کام میں محبت اور رحم نمایاں ہوتا ہے۔
ڈولی پارٹون کو ایمازون کے سی ای او کے ذیلی ادارے دی بیزوف کریج اینڈ سویلٹی ایوارڈ کے تحت رقم دی گئی، جیف بیزوس کا یہ ادارہ ان رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو انسانوں کی فلاح کے لیے ہمت رکھتے ہوں اور ان کے پاس مسائل کا حل بھی ہو۔
اس حوالے سے ڈولی پارٹون نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو لوگ دوسرے افراد کی مدد کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں انہیں وہاں رقم لگانی چاہیے جہاں ان کا دل مطمئن ہو، میں اس رقم کو اچھے کاموں پر لگانے کی پوری کوشش کروں گی۔