21 دسمبر ، 2024
جرمنی کے شہر ماکدے برگ میں ایک شخص کی جانب سے کرسمس مارکیٹ میں گاڑی ہجوم پر چڑھانےکے واقعے میں ہلاک افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق واقعے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 40 کی حالت تشویش ناک ہے۔
جرمن حکام کے مطابق حملے میں ملوث سعودی نژاد شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم ڈاکٹر ہے اور 2006 سے جرمنی میں مقیم ہے۔
واقعےکے بعد کرسمس مارکیٹ بند کر دی گئی، جرمن چانسلر اولاف شولز اور دیگر عالمی سربراہان نے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
جرمن وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ ملزم اسلام مخالف خیالات کا حامی ہے۔ اس سے پہلے جرمن اخبار نے حملہ آور کے جرمنی کی دائیں بازو جماعت کے حامی ہونے کا بتایا تھا۔
جرمن اخبار کے مطابق 2019 میں مشتبہ حملہ آور نے ایک انٹرویو میں خود کو اسلام مخالف کارکن کہا تھا۔
دوسری جانب سعودی ذرائع کا خبرایجنسی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سعودی عرب نے جرمن حکام کو حملہ آور کے سوشل میڈیا پر شدت پسند خیالات سے متعلق خبردار کر دیا تھا۔