Time 16 نومبر ، 2022
پاکستان

ارشد شریف کے دائیں ہاتھ کے چار ناخن موجود نہیں تھے: پوسٹ مارٹم رپورٹ جیو کو موصول

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 7 صفحات پرمشتمل ہے جس کے 2 صفحات پر ارشد شریف کے اسکیچ ہیں/ فائل فوٹو
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 7 صفحات پرمشتمل ہے جس کے 2 صفحات پر ارشد شریف کے اسکیچ ہیں/ فائل فوٹو 

جیونیوز نے صحافی ارشد شریف کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرلی۔

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 7 صفحات پرمشتمل ہے جس کے 2 صفحات پر ارشد شریف کے اسکیچ ہیں جب کہ اسکیچز میں ارشد شریف کو لگنے والے زخموں کی تفصیل کے ساتھ نشاندہی کی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ ہائی پروفائل کیس ہونے کے باعث پوسٹ مارٹم رپورٹ تحریرکرنے کو ترجیح دی کیونکہ ٹائپنگ میں رپورٹ کی تبدیلی کے خدشات تھے۔

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کو جمع کروادی گئی ہے جب کہ رپورٹ ان کی والدہ، دونوں بیویوں اور اٹارنی جنرل کوبھی دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی موت زخم آنے کے 10 سے30 منٹ کے درمیان ہوئی، ان کی موت دماغ اور دائیں پھیپھڑے متاثرہونے سے ہوئی، ارشد شریف کی لاش پر 12 زخم پائے گئے تھے جب کہ ان کی بائیں آنکھ کے گرد سیاہ نشان تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارشد شریف کی گردن کے بائیں جانب زخم موجود تھا، ان کی کمر کے بالائی حصے پر زخم کا نشان پایا گیا اور کمر پر موجود زخم کے گرد سیاہ نشان موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے دائیں ہاتھ کے چار ناخن موجود نہیں تھے اور ان کی دائیں کلائی پر رگڑ کا نشان موجود تھا جب کہ ارشد شریف کی کھوپڑی کی بائیں جانب کی ہڈی غائب تھی اور ان کے دماغ کے بائیں جانب کا حصہ متاثر ہوا۔

مزید خبریں :