پاکستان
Time 15 نومبر ، 2022

تحفظات کے باوجود ارشد شریف قتل کی تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کر رہے ہیں: سلمان اقبال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نیوز چینل اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو افسر سلمان اقبال کا کہنا ہےکہ تحفظات کے باوجود وہ اور ان کی ٹیم ارشد شریف قتل کی تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقاتی ٹیم نے کل مجھ سے رابطہ کیا تھا۔

 سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے آزادانہ تحقیقات اور شفافیت پر خدشات ہیں تاہم اس کے باوجود وہ  اور ان کی ٹیم مکمل تعاون کر رہی ہے۔

خیال رہےکہ اینکر  پرسن ارشد شریف قتل کیس کی دورکنی تحقیقاتی ٹیم دبئی میں موجود ہے جس نے سلمان اقبال اور طارق وصی کو سوال نامہ بھیج دیا ہے اور حقائق جاننےکے لیے قائم کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، سلمان اقبال اور طارق وصی سے فون کا ریکارڈ اور اپنا مکمل مؤقف پیش کرنےکو بھی کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے سفارتخانےکے قونصل جنرل کے ذریعے دبئی پولیس سے معاونت کی درخواست کردی ہے۔

پاکستانی تفتیش کاروں میں ایف آئی اے کے اطہر وحید اور آئی بی کے عمر شاہد حامد شامل ہیں۔

خیال رہےکہ سلمان اقبال نے ارشد شریف کیس میں تحقیقات میں مدد دینےکے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں سلمان اقبال نےکہا تھا کہ یہ کہا جا رہا ہےکہ مجھے ارشد شریف کی موت کی تحقیقات میں شامل ہونا چاہیے، مجھے مسلم لیگ ن کی حکومت میں آزاد تفتیش پر یقین نہیں ہے لیکن اس سلسلے میں مجھ سے جو سوال پوچھے جائیں گے ان کا جواب دوں گا۔

سلمان اقبال نے مطالبہ کیا تھا کہ ارشد شریف کیس کی تحقیقات کی نگرانی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کا دفتر کرے تو اسے ان کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

مزید خبریں :