26 نومبر ، 2022
جدید لاہور کے بانی اور آرکیٹیکٹ سرگنگا رام کی پڑپوتی کیشا رام نے کہا ہے کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں، ان کے پڑدادا سرگنگا رام کی بنائی ہوئی یادگار عمارتیں آج بھی قابل رشک ہیں۔
لاہور کی نجی یونیورسٹی میں لیجنڈ آرکیٹیکٹ سر گنگا رام کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران کیشا رام نے کہا کہ انہیں اپنے پڑدادا کی سوچ اور ویژن پر فخر ہے، سرگنگا رام نے جہاں جدید طرز کی عمارتیں بنا کر لاہور کا حسن دوبالا کیا وہیں انسانیت کیلئے بھی اپنا سب کچھ نچھاور کردیا۔
سرگنگا رام کی پڑپوتی کیشارام کا کہنا تھا کہ گنگا رام بہترین انجنئیر اور درد دل رکھنے والے عظیم انسان تھے، انکے تیار کردہ متعدد منصوبے انسانیت سے محبت کی دلیل ہیں، انہیں اپنے پڑدادا کی فنی تعمیرات دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ بعض وجوہات کی بنا پر گنگا رام 1903 میں سپرنٹنڈنٹ انجنیئر کے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے مگر تعمیراتی کام نہ چھوڑے۔
اس موقعے پر ماہر تعمیرات سفی اللہ بیگ کا کہنا تھا کہ اُس دور کی تقریباً تمام بڑی عمارتوں کے انجنیئر گنگا رام تھے جبکہ ڈیزائنر رام سنگھ تھے۔
تقریب میں شریک گنگا رام کے تعمیراتی منصوبوں کی ماہر زہرہ اشرف نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سر گنگا رام کی یاد میں منعقدہ تقریب کے موقع پر ڈاکٹر امجد ثاقب نے کیشا رام کو سرگنگا رام پر لکھی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔