02 دسمبر ، 2022
نیشنل چیلنج فٹبال کپ کا آغاز اگلے سال جنوری میں ہوگا جس میں 32 ٹیمیں شریک ہوں گی۔
ڈپارٹمنٹس کی منیجرز میٹنگ گزشتہ روز لاہور میں ہوئی،شرکاء نے پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہونے پر بڑی گرم جوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا کہ ملک میں فٹبال کے فروغ کیلئے ڈپارٹمنٹس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں اداروں سے قومی ٹیموں کیلئے نئی کھیپ میسر آتی رہی ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ بحال ہونے سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔
شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے رکن این سی شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ قومی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھولنے کے بعد ڈومیسٹک فٹبال کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مارچ 2021سے سلسلہ معطل ہونے کے بعد چیلنج کپ ملکی سطح پر کھیل کی بحالی کیلئے پہلا بڑا قدم ہوگا،ایونٹ کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
اس موقع پر منیجر کمپیٹیشن قمر علی قریشی اور ہیڈ کوچ شہزاد انور نے تیکنیکی پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس سے شرکاء بہتر متاثر نظر آئے۔