05 دسمبر ، 2022
انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی اور اس جیت کے ساتھ قومی ٹیم کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 72.73 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
جنوبی افریقا 60 فیصد کے ساتھ دوسرے، سری لنکا 53.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، بھارت 52.08 فیصد کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 46.67 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بالترتیب چھٹے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے 5 ٹیسٹ میچز میں کامیابی ضروری ہے۔ آسٹریلیا اور بھارت اپنی اپنی ٹیسٹ سیریز جیت جاتے ہیں تو پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔
ہوم سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے، اگر آسٹریلیا سے ایک ٹیسٹ میں بھارت کو شکست ہوجاتی ہے تو اسے بنگلادیش کے خلاف کلین سوئپ کرنا ہوگا۔
اگر آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرلیتا ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز جیت کر فائنل میں جگہ پکی کرلے گا۔
آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں مہینے شروع ہوگی۔