06 دسمبر ، 2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیر ریلیف و آبادکاری خیبرپختونخوا اقبال وزیر اور انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن(آئی ایس ایف) کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ہاتھا پائی کے معاملے پر انکوائری کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
گزشتہ روز انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکنوں اور صوبائی وزیر اقبال وزیر کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد آج آئی ایس ایف نے احتجاج کی کال دی تھی تاہم احتجاج سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور آئی ایس ایف کے کارکنوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
وزیراعلیٰ نے معاملے کی انکوائری کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی جس میں علی امین گنڈاپور، مراد سعید، مینہ خان، کامران بنگش اور بیرسٹر محمد علی سیف شامل ہیں۔
کمیٹی 6 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
آئی ایس ایف خیبرپختونخوا کے صدر علامہ اقبال نے جیونیوز کو بتایا کہ گزشتہ روز اجلاس میں صوبائی وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر نے عمران خان کے خلاف باتیں کیں جس پر آئی ایس ایف کے کارکن مشتعل ہوئے اور بات ہاتھاپائی تک جا پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس ایف نے متعلقہ وزیر کو کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔